Wednesday, April 24, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ، ملکی معیشت  پر بریفنگ

وزیر اعظم کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ، ملکی معیشت  پر بریفنگ
October 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا  جس میں معیشت سے  متعلق بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی رینکنگ میں اضافے پر متعلقہ اداروں اور ان کے اہلکاروں کو مبارکباد دی ، رینکنگ میں بہتری کو پاکستان کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بریفنگ میں بتایا بینکنگ کورٹس میں کل 46,940 کیسز زیر التوا ہیں  جن کے حل کے لیے قوانین میں اصلاحات کی ضرورت ہے ۔ اجلاس کو چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ، اجلاس کو بتایا گیا اسمیڈا کے لیے متحرک اور ماہر افراد پر مشتمل بورڈ آف گورنرز قائم کیا جا رہا ہے  ، اسمیڈا کے سی ای او کی تعیناتی دسمبر تک ہو جائے گی ، 3 سالہ اسٹریٹجی بھی منظور کی جائے گی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ ملکی سرمایہ کاروں کو بھی سہولیات دینا حکومت کی ترجیح ہے  ۔ ان کا کہنا تھا تعمیرات اور چھوٹے کاروبار کو ترویج دینا معاشی ٹیم کا مشن ہونا چاہیے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ترسیلات میں آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ وزیرِاعظم کی ہدایت پر ایف ڈبلیو او نے ایم ۔ نائن  پر ایکسل لوڈ کی عملداری ایک سال کے لیے موخر کر دی ، فیصلہ تاجر برادری کی درخواست پر لیا گیا ہے ۔