Friday, April 26, 2024

کوئٹہ،وزیراعظم کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس،آرمی چیف کی شرکت

کوئٹہ،وزیراعظم کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس،آرمی چیف کی شرکت
October 6, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں امن وامان سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کو امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، کمانڈر سدرن کمانڈ، وفاقی وزرا سمیت عسکری حکام شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کوئٹہ میں عمائدین ، ریٹائرڈ ججز ، وکلا اور سول سوسائٹی سے خطاب میں کہا کہ کرپشن نے ملک کو کمزور کیا ،جب تک اس پر قابو نہیں پایا جاتا،ملک ترقی نہیں کرے گا ،بلوچستان کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کرینگے۔ عمران خان نے تقریب سے خطاب کہا کہ سیاسی جماعتیں صرف ووٹ کیلئے بلوچستان کا رخ کرتی ہیں، بلوچ سیاستدانوں نے بھی صوبے کی ترقی پر توجہ نہیں دی۔ عمران خان نے کہا کہ 4سال میں چین نے کرپشن پر 400 سے زیادہ وزیروں کو جیل میں ڈالا،وزیراعلیٰ بلوچستان کرپشن کیخلاف نظام کو مضبوط کریں۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیِ بلوچستان اور وفاقی وزراء کے ہمراہ سدرن کمانڈ کوئٹہ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ ایئربیس پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورت حال، خوشحال بلوچستان کے تحت صوبے کی سماجی و معاشی ترقی، سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی اور پاک افغان سرحد پر باڑ میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔