Tuesday, April 30, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،بھارتی مداخلت،دہشتگردوں کی مالی معاونت اور سرحدی خلاف ورزیوں کے شواہد امریکہ کو دینے کا فیصلہ

وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،بھارتی مداخلت،دہشتگردوں کی مالی معاونت اور سرحدی خلاف ورزیوں کے شواہد امریکہ کو دینے کا فیصلہ
October 16, 2015
  اسلام آباد(92نیوز)وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت کا بھارت کی پاکستان میں مداخلت ، دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے اور سرحدی خلاف ورزی کے شواہد امریکہ کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اعلی سطح اجلاس ہوا اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،مشیر سلامتی امور سرتاج عزیز ،طارق فاطمی سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں نشینل ایکشن پلان پر عملدرآمد ،افغانستان کی صورتحال،کراچی آپریشن ،بلوچستان میں امن وامان اور آپریشن ضرب عضب کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بھارت  کے خلاف شواہد امریکہ کو فراہم کرے گا۔ نواز شریف بھارت کی پاکستان میں مداخلت ، دہشت گردوں کی مالی معاونت ، کراچی بلوچستان میں در اندازی، سرحدی خلاف ورزیوں سمیت تمام شواہد امریکی صدر کو پیش کریں گے جبکہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کی جانب سے مذاکرات معطل کرنے  کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ وزیر اعظم اتحادی سپورٹ فنڈ کے اجرا ،بھارت کی طرح پاکستان سے سول نیوکلئیر ٹیکنالوجی معاہدے پر بھی زور دیں گے جبکہ توانائی بحران  کا معاملہ بھی امریکہ کے سامنے رکھا جائے گا۔ پاکستان امریکہ پر واضع کرے گا کہ افغان مفاہمتی عمل میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔