Friday, May 17, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ، معیشت پراٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ

وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ، معیشت پراٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ
September 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں  وزیر اعظم کو معیشت سے متعلق اٹھائے گئے اقداما ت پر بریفنگ دی گئی ۔ معیشت کی بہتری و استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں کہا گیا کہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق برآمدات میں اضافہ ہوا، پہلے دو ماہ میں برآمدات و درآمدات کے ضمن میں تجارتی خسارے میں 38 فیصد کمی ہوئی، ٹیکسوں کی وصولیوں میں بہتری ہوئی، ٹیکس نیٹ میں بھی اضافہ ہوا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ  نجی کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ سیکرٹری خزانہ کی جانب سے  کامرس، صنعت و حرفت، نیشنل فوڈ سکیورٹی ، وزارتِ پٹرولیم، ایف بی آر کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی ۔سرمایہ کاری بورڈ، ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے مالی سال کی ہر سہ ماہی کے لئے مقرر کیے گئے اہداف پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ سہ ماہی اہداف کے حصول کیلئے ٹائم لائن پر مبنی واضح طریقہ کار وضع کیا جائے ، ایسا نظام بنائیں جس سے اہداف کی تکمیل ایک مقررہ  وقت میں  مکمل  کی جا سکے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے حوالے سے فکس ٹیکس کے نفاذ کی تجویز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،  اپارٹمنٹس کی تعمیرات کو فروغ دینے کے لئے مراعاتی پیکیج دینے کی تجویز پر غور کیا جائے، اس حوالے سے جلد تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔