Thursday, March 28, 2024

وزیر اعظم کی حکومتی کارکردگی اجاگر کرنے کیلئے منظم تشہیری مہم چلانے کی ہدایت

وزیر اعظم کی حکومتی کارکردگی اجاگر کرنے کیلئے منظم تشہیری مہم چلانے کی ہدایت
February 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی کارکردگی اجاگر کرنے کیلئے منظم تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کردی، 13وزارتوں کے تشہیری فنڈز وزارت اطلاعات کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے اڑھائی سال مکمل ہونے پر حکومتی کارگردگی اجاگر کرنے کے لیے منظم تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تشہیری مہم کے لیے13وزارتوں کے تشہری فنڈز وزارت اطلاعات کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی سفارش پر فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق تشہری مہم کے لیے 50کروڑ روپے سے زائد فنڈز وزارت اطلاعات کو منتقل ہونے کا امکان ہے ۔ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل تمام وزارتوں اور محکموں کو تشہری فنڈزمکمل طور پر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ منظم تشہیری مہم کے ذریعے فلیگ شپ منصوبوں میں حکومتی کارگردگی اجاگر کی جائے۔ حکومتی کارگردگی سے متعلق تشہیری مہم چلانے کا یہ بہترین وقت ہے۔