Thursday, April 25, 2024

وزیر اعظم کی بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کی ہدایت

وزیر اعظم کی بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کی ہدایت
March 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم  عمران خان نے بیرون ملک پھنسےپاکستانیوں کوجلدواپس لانےکی ہدایات دیدی۔ ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر فلائیٹ آپریشن بحال  کر دیا گیا جس کے بعد اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کی مشکلات کم ہو گئیں،قومی ایئر لائن سے پانچ ہزار سے زائد مسافر وطن واپس پہنچ گئے ۔ پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں کمی  کے بعد   وزیر اعظم پاکستان عمران خان  کی بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن واپس پہنچانے کی ہدایات دیدی۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کو  مرحلہ وار کھولنے  کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔ ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سے پروازیں شیڈول  کے مطابق ہیں تاہم لاہور فیصل آباد ملتان اور دیگر شہروں سے فلائیٹ آپریشن جلد بحال کر دیا جائے گا ۔ وفاقی وزیر ہوابازی محمد میاں سومرو کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک فلائیٹ  آپریشن کی  خود نگرانی کر رہے ہیں۔ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزہ کی میعاد ختم ہو رہی ہے ان کو ترجیح دی جارہی ہے، پی آئی اے کے آپریشنل عملہ کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح پاکستانی فضائی حدود کو بند کردیا گیا تھا جس کے بعد ملک کےتمام ایئر پورٹ پر  پروازوں کے لیے آپریشن معطل تھا ۔