Friday, May 3, 2024

وزیر اعظم کو ہاکی سے محبت ہے تو کھلاڑیوں کی نوکریوں کا بندوبست کریں : سابق اولمپییئنز

 وزیر اعظم کو ہاکی سے محبت ہے تو کھلاڑیوں کی نوکریوں کا بندوبست کریں : سابق اولمپییئنز
July 6, 2015
لاہور(92نیوز)پاکستان ہاکی ٹیم کی شکست کے بعد پی ایچ ایف کی  لگاتار مخالفت کی  جارہی تھی لیکن لاہور میں انجم سعید کی سربراہی میں سابق اولمپئنز نے پریس کانفرنس میں پی ایچ ایف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر جیت کا کریڈٹ کوچ شہنا ز شیخ لیتے ہیں توشکست پر بھی انہی کو جواب دہ ہونا چاہیئے ۔ سابق اولمپیئنز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی میں تمغہ جیتا تو وزیر اعظم نے ملاقات کے لئے وقت تک نہیں دیا ۔اب خراب پرفارمنس پر فوری نوٹس لے لیا ، اگر وزیراعظم نواز شریف  کو ہاکی سے محبت ہے تو کھلاڑیوں کے لئے نوکریوں کا بندو بست کریں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ریحان بٹ نے ٹیم اور فیڈریشن کا دفاع کرتے ہوئے کہ اکہ اگر مالی طور پر استحکام نہیں ہو گا تو کھلاڑی اچھا کھیل کیسے پیش کرینگے حکومت نے اب بھی ہر کھلاڑی کے سات لاکھ روپے ادا کرنا ہیں۔ سابق اولمپئن اخلاق احمد نے پی ایچ ایف پر شدید تنقید کرنے والے خواجہ جنید اور خالد بشیر کو آ ڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پچھلے آٹھ سال میں پی ایچ ایف سے معاوضہ کی مد میں سب سے زیادہ ڈالرز بھی خواجہ جنید نے اکٹھے کئے ، اگر فیڈریشن ٹھیک نہیں تو وہ بھی اسی کا حصہ تھے ۔ پی ایچ ایف کے دفاع میں سابق اسسٹنٹ کوچ ، شفقت ملک  سمیت کل دس اولمپئنز پریس کانفرنس میں شریک ہوئے اور حکومت کی جانب سے متوقع فیکٹ فائٹنگ کمیٹی کے ممبران پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔