Friday, May 10, 2024

وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر بحرین پہنچ گئے ، شہزادہ محمد سلمان سے ملاقات

وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر بحرین پہنچ گئے ، شہزادہ محمد سلمان سے ملاقات
December 16, 2019
بحرین ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر بحرین  پہنچ گئے ، انہوں نے بحرین کے شہزادہ محمد سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی ، شاہی محل آمد پر وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ معاون خصوصی زلفی بخاری بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں، وزیراعظم بحرین کے قومی دن کی تقریب میں  بھی شرکت کریں گے،وزیراعظم عمران خان کو بحرین کا اعلیٰ سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔ وزیر اعظم  عمران خان  بحرینی نیشنل گارڈز کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں ۔ دورہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کومضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے ، بحرینی قیادت کیساتھ دو طرفہ تعلقات ،علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ، وزیراعظم کو بحرین کا اعلی ترین سول اعزاز "کنگ حماد آرڈر آف دا رینیسنس" سے نوازیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کے فوراً بعد 15دسمبرکو بحرین کا سرکاری دورہ کرنا تھا تاہم امریکی سینیٹرلنزے گراہم کے دورہ پاکستان کےباعث دورے کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کی گئی۔ وزیراعظم بحرین کے بعد سوئٹزر لینڈ اورملائشیاءکا دورہ بھی کریں گے۔