Thursday, May 9, 2024

وزیر اعظم کامیاب دورہ چین کے بعد پاکستان پہنچ گئے ‏

وزیر اعظم کامیاب دورہ چین کے بعد پاکستان پہنچ گئے ‏
October 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کامیاب دورہ چین کے بعد پاکستان پہنچ گئے ،   شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، عبدالرزاق داؤد، زبیر حیدر گیلانی کے ہمراہ بیجنگ سے خصوصی طیارے پر نور خان ایئر بیس پہنچے۔ پاک چین مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کا دورہ کیا ، چینی صدر، وزیراعظم اور چیئرمین نیشنل پیپلز کانگرس سے ملاقاتیں ہوئیں۔دونوں ممالک کی قیادت کے مابین دوطرفہ تعلقات اور خطے سمیت عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم نے چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد سے بھی ملاقاتیں کیں  ۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ، افغانستان میں امن خطے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے ، دونوں اطراف نے چین، افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ مذاکرات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان اور چین نے ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا ،تمام ممالک کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران اور چینی وزیر اعظم کی موجودگی میں متعدد ایم او یوز پر دستخط ہوئے ، چینی قیادت نے پاکستان کی سالمیت، سکیورٹی اور علاقائی خود مختاری پر یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے۔ پاکستان اور چین نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔