Saturday, April 27, 2024

وزیر اعظم کا کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

وزیر اعظم کا کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
December 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کرسمس کے موقع پر اپنے  پیغام میں مسیحی برادری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار  کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ  یہ ایک امن، محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام عام کرنے کا دن ہے،  بحیثیت مسلمان اس بات پر یقین ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام اللہ تعالی کے عظیم پیغمبر  ہیں ۔ وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ  قائداعظم نے قیام پاکستان کے پہلے ہی دن پاکستان میں بسنے والے تمام طبقوں  کے لئے اپنے مذہب، پیشے یا نسلی بنیاد سے بالاتر ہوکر برابری، آزادی اور سلامتی کی پالیسی کا اعلان کیا تھا ، حکومت بین المذاہب تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں سے یکساں سلوک روا رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ  حکومت اقلیتی برادری کو دیگر پاکستانیوں جیسا مساوی درجہ دیتی ہے ، اقلیتی برادری کو مکمل معاشی سیاسی اور مذہبی آزادی حاصل ہے، تمام شہری ملکی ترقی کے لئے مل کر کردار ادا کریں گے ، یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے کہ اقلیتیں ملکی ترقی کے لئے تمام شعبوں میں کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتیی برادری پاکستان کی مسلح افواج میں بھی خدمات سرانجام دے رہی ہیں ، اقلیتوں کو کسی بھی رکاوٹ کے بغیر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اجازت ہے ، یہ امر تمام عقائد کے مابین فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گہرے اتحاد کو ظاہر کرتا ہے، اسی جذبے کے تحت حکومت پاکستان نے کرتار پور راہداری کا افتتاح کیا ، سکھ برادری کو ان کے مقدس مقام کی زیارت کی اجازت دی گئی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل تعریف ہے ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ترقی کے لئے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک کی خدمت کی گئی، یقین ہے کہ پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا بھر پور کردار جاری رکھیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی  کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ارکان  پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کیا ، اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ    حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دنیا میں امن ، محبت ،بھائی چارے اور برداشت کی تبلیغ کے لیے مبعوث کیا گیا، مسلمان حصرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ کا برگزیدہ پیغمبراور رسول مانتے ہیں، کرسمس کے موقع پرحکومت اور پارلیمنٹ  اقلیتوں کو آئین پاکستان اور قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق حاصل حقوق و مراعات کے تحفظ کے عزم کو دہراتی ہے۔ قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی  قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ  حضرت عیسیٰؑ کا انسانیت سے محبت کا دائمی پیغام آج بھی دنیا میں امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے،  ملک  کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک کے تمام مذہب کو ماننے والوں کے مابین اتحاد و ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کرسمس  کے موقع پر پیغام  میں کہا کہ اس سال کرسمس ہم گزشہ سالوں کی طرح روایتی  جوش وجذبے کے ساتھ منا رہے ہیں ،  پوری قوم کی طرف سے پاکستانی مسیحی برادری کو خصوصاً پاکستان اور بالعموم تمام دنیا میں رہنے والے مسیحی بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ  حضرت عیسیٰ ؑ خدا کے عظیم پیغمبر تھے آپ نے محبت، امن، برداشت اور انسانیت کے لئے قربانی کا درس دیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش  کی مناسبت سے پیغام میں  پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ  قائد اعظم کے فرمودات کی روشنی میں پاکستان میں تمام مذاہب کو مذہب، ثقافت اور پیشے سے بالاتر ہو کر برابری کے حقوق حاصل ہیں ، قائداعظم کے فرمودات ہی حقوق آئینِ پاکستان کی میراث ہیں موجودہ حکومت تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے گی۔