Friday, March 29, 2024

وزیر اعظم کا کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا اعلان

وزیر اعظم کا کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا اعلان
July 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کااعلان کر دیا ،کہا کہ  کوئی قوم انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ، ملک میں ایسا سسٹم بن گیاہے کہ کسی کو آسانی سے کام نہیں کرنے دیا جاتا ،حکومت نے اداروں کی اصلاح شروع کر دی  ہے ، قائد اعظم بزنس پارک پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 لاہور میں قائد اعظم بزنس پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے  کہا  کہ ایسا سسٹم بن گیا ہے کہ کسی کو آسانی سے کام نہیں کرنے دیا جاتا، حکومت سے باہر تھا تو اس کا اندازہ ہی نہیں تھا، نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں ایسی رکاوٹیں آئیں جن کا تصور بھی نہیں تھا،جو انڈسٹری روزگار دیتی ہے اس کیلئے مشکل حالات پیدا کر دیے گئے۔

وزیراعظم نے کہا شارٹ ٹرم پلاننگ کی وجہ سے پاکستان پیچھے رہ گیا، ہم صرف الیکشن جیتنے کیلئے کام کرتے ہیں،60کی دہائی میں ہم سب سے آگے تھے، آج بنگلہ دیش آگے چلا گیا، سنگاپور بھی ہم سے پیچھے تھا۔

وزیراعظم نے قائداعظم بزنس پارک پر عثمان بزدار کو مبارک دیتے ہوئے کہا جن مسائل کا بھی سامنا ہوگا وفاق مدد کرے گا،پنجاب حکومت اب تک 9اکنامک زونز بنا چکی ہے، اگلا اکنامک زون بہاولپور میں بنے گا۔