Thursday, March 28, 2024

وزیر اعظم کا پنجاب حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار،ذرائع

وزیر اعظم کا پنجاب حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار،ذرائع
November 30, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ لاہور اور اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  کو گورننس میں بہتری لانے کی ہدایت دے دی ۔ وزیر اعظم نے پنجاب میں گڈ گورننس کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو ناکافی قرار دیا ، صوبائی کابینہ کو آخری وارننگ دے دی  اور کہا کہ جو توقعات پنجاب کی ٹیم سے کر رہا تھا  پوری نہیں ہوئیں ۔ ذرائع کے مطابق  وزیر اعظم نے کابینہ ارکان کی کار کردگی پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ہدایت بھی دی ،  بیورو کریسی اور پولیس میں اعلیٰ پیمانے پر کی گئی اکھاڑ پچھاڑ کو مستقبل کی کار کردگی سے مشروط کیا ، پنجاب میں بڑھتے ہوئے جرائم اور جنسی تشدد کے واقعات پر سخت  تشویش کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم نے نئے چیف سیکرٹری کو سیاسی دباؤ سے بالا تر ہوکر کام کرنے کی واضح ہدایات کی ۔