Friday, March 29, 2024

وزیر اعظم کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ

وزیر اعظم کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ
April 4, 2020

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر اسد عمر اور ڈی جی آپریشن نے وزیر اعظم کو کرونا کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔

 معاون خصوصی صحت اور چاروں صوبوں کے حکام نے کرونا وائرس کی صورتحال پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات، اداروں کی محنت سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔ الحمداللہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پریشان کن نہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اشیائے خود و نوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، قلت نہیں ہونے دی جائے گی ۔ ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

 قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، عسکری حکام شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا سے متعلق ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جاری کرے گا۔ صوبوں کو ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی۔