Friday, April 26, 2024

عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے، اسے مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے، وزیراعظم

عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے، اسے مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے، وزیراعظم
July 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے، اسے مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے۔ وزیراعظم کی مشاورتی اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اداروں کو متنازعہ بنانے کی ، کوشش کی جا رہی ہے، اداروں کے خلاف بیانات کا بھرپور جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر نہیں ہوگا اور احتساب جاری رہے گا۔ عمران خان نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو کوئی رعایت نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ۔ دونوں رہنماؤں کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ وزارت خارجہ سے کہا گیا ہے کہ سال 2008 سے اب تک نواز شریف ، آصف زرداری کے علاج پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات بتائی جائیں۔ ذرائع کے مطابق  کابینہ ڈویزن سے کیمپ آفس کے اخراجات اور سکیورٹی پر اخراجات کی تفصیلات بھی  طلب کی گئی ہیں ،  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ادوار میں قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ دونوں ادوار میں ارکان  پارلیمنٹ کے دوروں اور بیرون ملک علاج کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں۔  وزیر اعظم نے اخراجات کی تفصیلات کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔