Monday, May 13, 2024

وزیر اعظم کا مشن کراچی، آج 50 سے زائد میگا منصوبوں کا اعلان کرینگے

وزیر اعظم کا مشن کراچی، آج 50 سے زائد میگا منصوبوں کا اعلان کرینگے
September 5, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم کا مشن کراچی، آج کراچی جائیں گے اور شہر کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے، پینے کا صاف پانی، کچرا اٹھانے کے جدید نظام کے ساتھ ، سڑکیں بھی بنیں گی،برساتی پانی کا حل بھی ملے گا، سرکلر ریلوے کیلئے بھی تین سو ارب روپے سے زائد رقم دی جائے گی۔ مشن کراچی ! زخموں سے چور کراچی کی آہ و پکار، وزیراعظم عمران خان بھی مرہم رکھنے کیلئے تیار، آج بڑے پیکیج کے ساتھ شہر قائد جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کراچی کے لئے 50 سے زائد میگا منصوبوں کا اعلان کرینگے، کراچی بحالی پلان میں مجموعی طور پر 700 ارب روپے کے مجوزہ منصوبے شامل ماس ٹرانزٹ منصوبہ 447 ارب روپے کا ہوگا، جس میں کراچی سرکلر ریلوے کیلئے 300 ارب روپے رکھے گئے ہیں، 250 امداد چین سے 50 ارب سندھ حکومت دے گی۔ نکاسی آب کے دو منصوبے 4.7 ارب اور پانی کی فراہمی کے 5 منصوبوں کیلئے 110 ارب رکھے گئے ہیں، سیوریج کے 8 منصوبے 162 ارب روپے کے ہونگے۔ سالڈ ویسٹ کے 4 منصوبے کیلئے 14.8 ارب اور سڑکوں کیلئے چار منصوبوں پر 62 ارب روپے مختص ہونگے۔ دورہ کراچی کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات بھی متوقع ہے، گورنر سندھ، اراکین اسمبلی، اتحادی رہنماؤں، تاجر اور این ڈی ایم اے حکام سے بھی ملاقات ہوگی۔