Saturday, April 20, 2024

وزیر اعظم کا شہر قائد کیلئے 162 ارب روپے کے پیکج کا اعلان ‏

وزیر اعظم کا  شہر قائد  کیلئے 162 ارب روپے کے پیکج کا اعلان ‏
March 30, 2019

کراچی ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کراچی شہر کے لئے  162 ارب روپے کے پیکج کا اعلان  کر دیا ۔

وزیر اعظم عمران کان نے گورنر ہاؤس کراچی میں  بیٹھک لگائی اور کہا کہ کراچی کی ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔وزیر اعظم نے حیدر آباد میں یونیورسٹی اور تھر میں آر او پلانٹ لگانے کا اعلان بھی کیا ۔

گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد  ٹرانسفارمیشن کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا  پاکستان مشکل ترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے، کراچی کی ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

قوم کے کپتان کا کہنا تھا کہ  کراچی میں ٹرانسپورٹ کے لیے 10 منصوبے شروع کریں گے، کچی آبادیوں کو بہتر کریں گے، کراچی پیکیج کے تحت 18 منصوبوں پر کام کیا جائے گا جبکہ  پانی اورنکاسی آب کے 7 منصوبے شروع کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں باغ ابن قاسم کا افتتاح بھی کیا، بولے کہ کراچی کے کھیلوں کے میدان پر قبضہ ہو چکا ہے، باغ ابن قائم کی بحال کرکے میئرکراچی وسیم اختر نے بہترین کام کیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا  آنےوالی نسلوں کو ایک اچھا ماحول ملنا چاہیے، گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے 10 ممالک میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے، اگر ہم نے گلوبل وارمنگ کے خلاف اقدامات نہ کیے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔