Tuesday, May 21, 2024

وزیر اعظم کا دورہ کراچی ، گورنر سندھ اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

وزیر اعظم کا دورہ کراچی ، گورنر سندھ اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں
October 21, 2019
کراچی ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں ۔و زیر اعظم نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی ، گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو  کراچی اور صوبے کی صورتحال پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم عمران خان  سے ان کی جماعت پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں نے  بھی ملاقات کی ۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی ، پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زمان اور صوبائی قیادت نے وزیر اعظم سے ملاقات کی . ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال ، پارلیمانی امور  سمیت اہم معاملات پر گفتگو ہوئی ۔ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی معاملات بھی زیر غور آئے ۔ وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور ایم کیو ایم کے  وفود نے بھی ملاقاتیں کیں ۔ جی ڈی اے کے وفد میں  سینیٹر مظفر حسین شاہ ، ایم این اے  غوث بخش مہر ، ممبران سندھ اسمبلی  سائرہ بانو ، علی ناوز شاہ ،  عبدالرزاق،  علی غلام، علی گوہر خان مہر ، عارف مصطفی جتوئی،  حسنین علی مرزا،  محمد رفیق،  محمد راشد شاہ،  محمد شہریار خان مہر شامل تھے۔ نند کمار گوکھانی، محترمہ نصرت سحر عباسی، شمس الدین،  وریام فقیر اور نو منتخب ممبر سندھ اسمبلی معظم عباسی بھی وفد میں  شامل تھے ۔ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی زیدی،  وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا،  معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمر بھی موجود تھے ۔ جی ڈی اے کے وفد نے اپنے حلقوں میں درپیش مسائل سے وزیر آعظم کو آگاہ کیا ،  وزیر اعظم نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ"احساس" اور "صحت انصاف" پروگرامز کو اندرون سندھ تک وسعت دی جائے گی۔