Monday, May 20, 2024

وزیر اعظم کا دورہ قطر ، دوحہ میں ایوان امیری میں امیر قطر نے استقبال کیا

وزیر اعظم کا دورہ قطر ، دوحہ میں ایوان امیری  میں امیر قطر نے استقبال کیا
January 22, 2019
دوحہ ( 92 نیوز) وزیر اعظم  عمران خان نے دورہ قطر کےدوسرے دن  دوحہ مین ایوان امیری  میں امیر قطر سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم عمران خان کی  دوحہ کے ایوان امیری آمد  پر امیر قطر نے وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا ۔ ایوان امیری میں وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز وفد کے ہمراہ دورہ  پر قطر پہنچے تھے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،  وزیر خزانہ اسد عمر ،  وزیر پٹرولیم غلام سرور خان،مشیر تجارت اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز  وزیراعظم کے ہمراہ  تھے ۔ دوحہ کےحماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطری وزیر مملکت خارجہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا  ۔ وزیراعظم کی قطری وزیراعظم عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی  تعلقات میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا  ۔ وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں قطری وزیراعظم کی جانب سے عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا  تھا۔