Thursday, May 9, 2024

وزیر اعظم عمران خان کی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اوور سیز پاکستانیوں سے فنڈز کی اپیل

وزیر اعظم عمران خان کی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اوور سیز پاکستانیوں سے فنڈز کی اپیل
April 13, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے  اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈز کی اپیل کردی ، کہا کہ  کورونا وائرس  کا عذاب پاکستان سمیت دنیا بھر میں آیا ہے، لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان میں غربت بڑھ رہی ہے ۔

کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کو مزید فنڈز کی ضرورت پیش آگئی ، وزیر اعظم عمران خان نے وائرس سے بچاؤ کے اقدامات میں مدد کیلئے اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا کا عذاب پاکستان سمیت دنیا بھر میں آیا ہے، لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان میں غربت بڑھ رہی ہے۔

وزارت اوورسیز کے تعاون سےسمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے عطیات کیلئے خصوصی ویب سائٹ بھی تیار کر لی گئی ، اوورسیز پاکستانی ویب سائٹ کے ذریعے با آسانی فنڈز دےسکیں گے۔

عطیات دینے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے نام بھی شائع ہوسکیں گے۔ ایک خاندان کی مدد کیلئے کم سے کم 35 ڈالر بھیجے جاسکیں گے،ماہانہ کی بنیاد پر بھی ضرورت مندوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ  کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دیں۔

وزیر اعطم عمران خان 30 مارچ کو قوم سے خطاب کے دوران  کورونا ریلیف فنڈ کا اعلان کر چکے ہیں ،   وزیر اعظم نے کہا کہ اس کا نیشنل بینک آف پاکستان میں  اکاؤنٹ ہوگا ، اکاؤنٹ میں جو بھی پیسہ ڈالے گا  اس سے کسی قسم کے سوالات نہیں پوچھے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ  اگر آپ وہ پیسہ ٹیکس میں ڈکلیئر کریں گے تو آپ کو ٹیکس میں چھوٹ ملے گا، ان پیسوں سے ہم بیروزگار لوگوں کیلئے  ماہانہ فنڈ  دیں گے ، اگر کورونا کی  وباء لمبی چلی تو  ظاہر ہے ہمیں پیسے  چاہئے ہوں گے ۔