Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ ، علاقائی و عالمی صورتحال پر گفتگو

وزیر اعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ ، علاقائی و عالمی صورتحال پر گفتگو
March 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر اعظم اور ایرانی صدر نے  پاک بھارت کشیدگی سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گفتگو میں مقبوضہ کشمیر کے عوام  کے لئے ایران کے اصولی موقف کو سراہا  اور ایران کے 27 سپاہیوں کے قتل پر اظہار افسوس بھی کیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر عظم نے ایرانی صدر سے  ٹیلیفون پر اہم ممالک کی قیادت کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے سلسلے میں شروع کی گئی رابطہ مہم کا حصہ ہے ۔ بیان کے مطابق  رابطے میں پاک ایران سیاسی قیادت نے باہمی  تعلقات کی اہمیت  کو اجاگر کرتے ہوئے مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ کیا جبکہ ایرانی صدر نے وزیر اعظم  پاکستان  کے دورہ ایران  کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ جاری کردہ بیان کے مطابق  رابطے میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ایران میں حالیہ دہشتگردی کے واقعے پر اظہار افسوس کیا گیا ، دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے انٹیلیجنس  ایجنسیوں کے تعاون  میں فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں میں  ایران کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی ، وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر پر ایرانی حمایت پر تشکر کا اظہار کیا ۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران برار اسلامی ممالک ہیں ، خطے میں اقتصادی ترقی کیلئے امن کی کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔