Tuesday, April 23, 2024

وزیر اعظم کا اگلے سال اگست تک ایک ارب درخت لگانے کا وعدہ

وزیر اعظم کا اگلے سال اگست تک ایک ارب درخت لگانے کا وعدہ
July 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کورونا سے دنیا میں تباہی آئی پاکستان پر اللہ نے کرم کیا، شہری عیدالاضحیٰ پر احتیاط کریں۔ لاہور میں آلودگی درخت کاٹنے کی وجہ سے بڑھی، اگلے سال اگست تک ایک ارب درخت لگائیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہوٹہ میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 کروڑ درخت لگا چکے ہیں درخت لگا کر ہی گلوبل وارمنگ سے بچ پائیں گے، درختوں کو جانوروں اور آگ سے ہی نہیں ٹمبر مافیا سے بھی بچانا ہے۔ اُن کا کہنا تھا میں نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ سب نے ماسک پہنے ہوئے، کورونا کے باعث دنیا میں جوتباہی آئی ہے لیکن اللہ نے پاکستان پر خاص کرم کیا۔ ہمارے ہمسایہ ملک میں افسوس سے کہتا ہوں کہ ایک دن میں 7سو اموات ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان پر ہمیں خاص احتیاط کرنی ہے، اگر ہم نے عید پر احتیاط کی تو ہم اس وباء سے نکل جاییں گے، بدقسمتی سے ہم نے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا نہیں کیا اور ماضی میں جنگلات کو کاٹا، آزادی سے اب تک 30 نیشنل پارکس تھے، ہم نے 9 نیشنل پارکس بنانے کا اعلان کیا ہے، نرسریاں لگائی ہیں، اگلے سال اگست تک 1 ارب درخت لگاچکے ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف پودے لگانے ہی نہیں ان کو درخت بنا کر ان کو بچانا ہے، درختوں کو نگہبان بچائیں گے، جانور درخت کھا جاتے ہیں، آگ چھوٹے درختوں کو ختم کر دیتی ہے، ٹمبر مافیا سے بھی جنگلات کو بچانا ہے۔ اس ایریا میں 300 نگہبان کام کررہے ہیں، ان کو 3 ہزار تک لے کر جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں 2 گھنٹے صرف گرین اور کلین پاکستان کے شعور کیلئے دئیے جائیں گے، لاہور میں ہم نے درخت کاٹ دئیے اور لاہور میں پلوشن کی وجہ سے انڈیکس بڑھ چکا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں بارہ موسم ہیں،یہ بہت بڑی نعمت ہے، جب ہم درخت بچاتے ہیں تو یہ اللہ کی نعمت کا شکر ادا کرتے ہیں، پاکستان اللہ کی نعمت ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی ہے، نوجوان اور طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں۔