Friday, April 26, 2024

وزیر اعظم کا اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ ، بی این پی اور ق لیگ کی عدم شرکت

وزیر اعظم کا اتحادیوں کے اعزاز میں  عشائیہ ، بی این پی اور ق لیگ کی عدم شرکت
June 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ  دیا ، عشائیہ میں  بلوچستان نیشنل  پارٹی اور مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے شرکت نہ کی۔ بی اے پی ، ایم کیو ایم اور جے ڈبلیو پی کے رہنما عشائیہ میں شریک ہوئے ۔

بجٹ کی منظوری سے قبل صورتحال دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگئی، وزیراعظم نے اتحادیوں کو منانے کیلئے پرتکلف عشایئے کا اہتمام کرلیا، بی این پی حکومت سے ناراض ہونے پر عشائیے میں شریک نہیں ہوئی جبکہ ق لیگ کے ارکان بھی اپنی پارٹی میٹنگ کی وجہ سے شرکت کیلئے نہ آئے.

ایم کیو ایم، بی اے پی اور جمہوری وطن پارٹی عشائیے میں شریک ہے، اتحادی جماعتوں نے عشائیے سے قبل وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے عشائیہ سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ گھبرانا نہیں،  پانچ سال پورے کریں گے، آئندہ بھی ہم ہی آئیں گے، روز صبح خبر ملتی ہے، آج جارہا ہوں، کل جارہا ہوں، ہمارا نظریہ کرپشن کیخلاف ہے، جس دن نظریہ سے ہٹے اس دن ناکام ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  کسی مافیا کی پرواہ نہیں، عوام کی پراہ ہے، اپوزیشن صرف پروپیگنڈا کررہی ہے، مافیا کا پیچھا چھوڑ دوں تو سب اچھا ہوجائے گا۔