Thursday, April 25, 2024

وزیر اعظم کا آزادی مارچ کے شرکاء کی حالت زار کا نوٹس

وزیر اعظم کا آزادی مارچ کے شرکاء کی حالت زار کا نوٹس
November 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے موسم کی سختی سے متاثر آزادی مارچ کے شرکاء کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے  چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر  ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ۔ تیز بارش اور آندھی سے آزادی مارچ کے شرکاء کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ، پنڈال میں موجود افراد نے بارش سے بچنے کے لئے پلاسٹک شیٹس اوڑھ لیں،کئی شرکا نے میٹروبس اسٹیشنز کو سہارا بنا لیا ، کئی شرکا موسم کی شدت کا مقابلہ نہیں کر پائے اور بیمار ہو گئے۔ بخار اور نزلہ زکام پر تین سو سے زائد افراد پمز میں داخل ہیں ، تیز ہوا کے باعث دھرنے میں شریک افراد کے خیمے بھی اُکھڑ گئے۔ جمعیت علماء اسلام ف کی لیڈر شپ تو محفوظ کنٹینرز اور مقامات میں ہے لیکن کارکن موسم کے رحم و کرم پر پڑے ہین ، آزادی مارچ میں شریک مزید دو افراد دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے ، جاں بحق ہونے والوں میں خضدار کے 70 سالہ سیف اللہ اورکوئٹہ کے 80 سالہ محمد اختر شامل ہیں۔ گزشتہ روز بھی آزادی مارچ میں شریک ایک شخص  دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا تھا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے شرکاء کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے فوری  ریلیف سے متعلق اقدامات کی ہدایت کی ۔