Sunday, May 12, 2024

وزیر اعظم کا 9 مئی سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن مرحلہ وار کھولنے کا اعلان

وزیر اعظم کا 9 مئی سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن مرحلہ وار کھولنے کا اعلان
May 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے 9مئی ہفتے کے دن سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کردیا، یکم اپریل کو ملک بھر میں شروع ہونے والا لاک ڈاؤن ایک ماہ 8دن بعد بروز جمعہ رات بارہ بجے ختم ہو جائے گا، بڑے اعلانات کا فیصلہ وزیراعظم  عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہوا۔

صنعتیں،چھوٹی مارکیٹیں اور گلی محلے کی دکانوں کے شٹر کھل جائیں گے، دیہات میں تمام دکانیں کھولنے کی اجازت  دے دی گئی  ، اوقات کار سحری سے لیکر شام 5 بجے تک مقرر کئے گئے ۔ وزیراعظم نے کہا رمضان میں دو نفل پڑھ کر اللہ کا شکر ادا کریں ، جیسی تباہی دیگر ممالک میں مچی اللہ نے پاکستان کو محفوظ رکھا ، قوم بن کر حالات کا مقابلہ کریں گے ، عوام کو بھی ذمہ داری لینا پڑے گی۔

لاک ڈاؤن سے پریشان عوام کیلئے بڑا  ریلیف مل گیا ، وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بڑے فیصلے کئے  گئے ، کورونا کے باعث ملک بھر میں  نافذ لاک ڈاؤن ہفتے سے مرحلہ وا ر کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

وباسے نمٹنے کیساتھ ساتھ کاروبار اور معیشت کو کیسے چلاناہے؟، وزیراعظم،چاروں وزرائے اعلیٰ،وفاقی وزرا اور عسکری حکام سر جوڑ کر بیٹھے ، مشاورت کے بعدوفاق اور چاروں صوبے ایک پیج پر آئے  تو وزیراعظم عمران خان  نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا اگر چہ  پاکستان میں کورونا سے ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں لیکن لوگ بہت مشکل میں ہیں ، غریب اور دیہاڑی دار طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے ، خوف تھا سب کچھ بند کردیا  توجو لوگ روز کماتے ہیں ان کا کیا بنے گا؟۔

وزیراعظم نے کہا کہ رمضان میں دو نفل پڑھ کر اللہ کا شکر ادا کریں ، جیسی تباہی دیگر ممالک میں مچی اللہ نے پاکستان کو محفوظ رکھا ، قوم بن کر حالات کا مقابلہ کریں گے ، عوام کو بھی ذمہ داری لینا پڑے گی ۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول  کمیٹی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا ہفتے میں 5روز تک کام کی اجازت ہوگی اور دو روز کاروبار بند رہے گا، اجلاس میں افطار کے بعد شٹر اٹھانے کی تجویز مسترد کردی گئی۔

اسدعمر نے وفاق اور صوبوں  میں خلیج کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاتمام فیصلے صوبوں کی مشاورت سے کیے جارہے ہیں ،  ٹاک شوز میں لگتا ہے کہ وفاق اور صوبے دست وگریباں ہیں لیکن ایسی باتوں کا کوئی سر پاؤں نہیں ہے۔

دیہاڑی دار او ر مزدور طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے تو لاک ڈاؤن کھولنے کا فیصلہ کردیا ،  اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پرعملدرآمد کرتے ہوئے اپنا فرض بھی ادا کریں کیوں کہ احتیاط ہی کورونا سے بچاؤ کا واحد علاج  ہے۔