Sunday, May 12, 2024

وزیر اعظم ویکسین لگانے سے قبل ہی متاثر ہو چکے تھے ، حماد اظہر

وزیر اعظم ویکسین لگانے سے قبل ہی متاثر ہو چکے تھے ، حماد اظہر
March 20, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کی علامات تین چار روز کے بعد سامنے آتی ہیں ، وزیر اعظم ویکسین لگوانے سے قبل ہی وائرس سے متاثر ہو چکے تھے ۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ویکسین کی دو ڈوز لگنے کے بعد جسم میں قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے، کورونا سے بچاؤ کے لیے لوگ زیادہ سے زیادہ ویکسین لگوائیں۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ  سمارٹ فون کی صنعت گاڑیوں کی صنعت سے بڑی صنعت بن جائے گی،اس ایک پلانٹ میں سالانہ 60لاکھ اسمارٹ فونزپاکستان ہی میں تیار ہوسکتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت آنے سے پہلے 70فیصدسمارٹ فون سمگل ہوکر آتے تھے، ہماری حکومت میں اب ایک فیصد سمارٹ فونز بھی سمگل ہوکر نہیں آرہے، ہم نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، پرانے ٹیکس جولاگو نہیں ہورہے تھے وہی ٹیکنالوجی کی مدد سے لاگو کروائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن  ہمارے آئی ایم  ایف کے پاس جانے پر اعتراض کررہی ہے، ہمارے آنے سے پہلے تو یہ خود 19بار آئی ایم ایف میں گئے تھے۔  

بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  ہندوستان کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے،پاکستان آگے بڑھنا چاہ رہا تھا، مودی نے ذاتی سیاست کے باعث مذہبی سیاست کو پروان چڑھایا۔