Thursday, March 28, 2024

وزیر اعظم نے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال راولپنڈی کا افتتاح کر دیا

وزیر اعظم نے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال راولپنڈی کا افتتاح کر دیا
April 1, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  وزیر اعظم   عمران خان نے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال راولپنڈی کا افتتاح  کر دیا ،  اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا  ، طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکر ادا کیا کہ یورپ کی طرح کورونا وائرس پاکستان میں نہیں پھیلا، تاہم، خبرادار بھی کیا کہ کورونا وائرس نے بڑھنا ہے لیکن یہ نہیں معلوم کتنی تیزی سے بڑھے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل اسپتال راولپنڈی کا افتتاح کردیا  ، اسپتال کی اپ گریڈیشن اورسہولتوں کا جائزہ لیا  ، تقریب سے خطاب میں بتایا کہ چین میں کورونا وائرس پھیلا تو اندازہ تھا کہ پاکستان بھی آئے گا، 15 جنوری سے کورونا وائرس کے خلاف تیاری کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ   وائرس نے بڑھنا ہے، کس تیزی سے بڑھنا ہے یہ نہیں پتہ  لیکن ایک ہفتے میں اندازہ ہوجائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں، پوری قوم ہیلتھ ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں تمام میڈیکل سامان چین سے آرہا ہے  جب کہ امریکا نے بھی ہیلتھ ورکرز کے لیے ویزے کھول دیے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی، سرکاری اسپتالوں کی صورتحال 70 کی دہائی تک بہتر تھی جب کہ تعلیم کی طرف بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔