Sunday, May 12, 2024

وزیر اعظم نے کئی سال پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہو جائیں گے ، شبلی فراز

وزیر اعظم نے کئی سال پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہو جائیں گے ، شبلی فراز
January 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم جانتے ہیں اپوزیشن جماعتیں ایک ساتھ کیوں ہیں، وزیر اعظم نے کئی سال پہلے ہی کہہ دیا تھا یہ سب اکٹھے ہوجائیں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے اپنے ادوارِ حکومتوں میں  اداروں کو پامال اور مفلوج کیا، انہوں نے  اپنی غیرقانونی سرگرمیوں کو چھپانے کیلئے ہر ادارے کو استعمال کیا،پی  ڈی ایم کا سارا سفر صرف دھمکیوں پر تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ یہ لوگ استعفوں ، جلسے ، جلوسوں سے شروع ہو کر ریلیوں پر آئے لیکن عوام کی جانب سے کوئی پزیرائی نہیں ملی ،اب میڈیا پر تبصرے ہورہے ہیں کہ ایک تھی پی ڈی ایم، پی ڈی ایم ماضی کا حصہ بن چکی ہے،ان کے رہنماؤں نے اپنے تمام پتے کھیل لیے ہیں لیکن  ہر محاذ پر انہیں رسوائی اور ہزیمت کے سوا کچھ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں کے پاس ایک آخری پتہ رہ گیا ہے جسے یہ استعمال کرنے جارہے ہیں، اور وہ آخری پتہ یہ ہے کہ جھوٹ کو اتنا بولو کہ وہ سچ لگنے لگے، پرسوں احتجاج کرنے یہ الیکشن کمیشن کے سامنے آرہے ہیں جو ایک بھونڈی کوشش ہے،اداروں کو دباؤ میں لانے کے لیے ایسی سرگرمی کی جارہی ہے جس سے تاثر ملے کہ یہ سچ بول رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نیب کا نوٹس ملنے پر مولانافضل الرحمٰن نے کہا کہ میں پوری پارٹی کے ساتھ نیب آفس پہنچوں گا،یہ سیدھی سیدھی دھمکی دیتے ہیں کہ ہم جتھہ لے کر ادارے پر چڑھائی کردیں گے،تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے اسکروٹنی کمیٹی کو تمام تفصیل جمع کرادی تھی،تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والے40ہزار افراد کا ڈیٹا ہم نے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا، ڈیٹا کتابی شکل میں شائع کردیا ہے، یہ ہمیں پھنساتے پھنساتے خود پھنس گئےہیں، ہم نے تو اپنا سارا ریکارڈ سامنے رکھ دیا ہے، اب بات ان پر آگئی ہے،لوگ ان پر اس لیے پیسے لگاتے ہیں کہ جب یہ اقتدار میں آئیں تو غیرقانونی کاموں میں مدد دے سکیں۔