Tuesday, May 21, 2024

وزیر اعظم نے پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا اجلاس طلب کرلیا

وزیر اعظم  نے پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا اجلاس طلب کرلیا
September 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم  عمران خان نے پی ٹی آئی و اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا اجلاس طلب کرلیا ، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قوانین کے حوالے سے اپوزیشن اور بھارت ایک پیج پر ہیں حکومت احتساب کے منشور پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی و اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس آج شام 4 بجے وزیراعظم ہاوس میں ہوگا، اجلاس میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کی منظوری کی حکمت عملی پر غور ہوگا ، اس سے قبل  وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی وپارٹی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی نے فٹیف قانون سازی میں اپوزیشن کے کردار سے متعلق گفتگو کی، حکومتی و پارٹی ترجمانوں کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

حکومتی وپارٹی ترجمانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک کو نقصان پہنچارہی ہے، اپوزیشن اینٹی منی لانڈرنگ قانون میں مرضی کی ترمیم چاہتی ہے، اپوزیشن قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قوانین کے حوالے سے اپوزیشن اور بھارت ایک پیج پر ہیں۔   ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کی قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس میں نواز شریف کو وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی عمران خان کو بریفنگ دی گئی۔ جس پر وزیر اعظم کا کہا تھا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو جانے کی اجازت دی، حکومت احتساب کے منشور پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔