Saturday, April 27, 2024

وزیر اعظم نے ’’پاکستان سٹیزن پورٹل‘‘ کا افتتاح کر دیا

وزیر اعظم نے ’’پاکستان سٹیزن پورٹل‘‘ کا افتتاح کر دیا
October 28, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے ‘‘پاکستان سٹیزن پورٹل ’’کا افتتاح کر دیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پرانے پاکستان میں غلامانہ مائنڈ سیٹ تھا ، غریب عوام سرکاری دفاتر میں دھکے کھاتے  تھے  مگر  اب دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھے شخص کا مسئلہ ہمیں  پتہ چلے گا۔ معیشت کو سہارا دینے کیلئے سرگرم وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے لئے جانے والے قرض پر ناقدین کا منہ بند کردیا، وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب سے ملنے والے قرض کو غیرمشروط قرار دے دیا ۔ وزیراعظم نے معیشت کی بہتری کے لئے دیگر ممالک سے بھی جلد خوشخبریاں ملنے کی نوید سنا دی ، عمران خان نے کرپشن کیسز کے حوالے سے بھی وضاحت دیتے ہوئے اپوزیشن کیخلاف کارروائیوں سے حکومتی لاتعلقی کا اظہار کردیا اور ساتھ ہی ساتھ مستقبل میں اپوزیشن کی جانب سے جمہوریت کو خطرے لاحق ہونے کا بیان دینے کی پیش گوئی بھی کردی ۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے وزیراعظم سے عام شہری، سمندر پار پاکستانی اور غیرملکی افراد بھی رابطہ کر سکیں گے، موبائل ایپ کے ذریعے رابطے کیلئے لاگ ان اکاؤنٹ بنا کر مکمل نام، جنس اور تاریخ پیدائش کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی،، جس کے بعد شکایات کے اندراج سے لے کر ان کے حل تک شکایت کنندہ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے گا۔ شہری تعلیم،  صحت، امن و امان اور زمین کے تنازع سے متعلق شکایت کر سکیں گے ، بجلی کی لوڈشیڈنگ، میونسپل سروسز اور انسانی حقوق سے جڑے معاملات کی نشاندہی بھی کی جاسکے گی۔ شکایات اور تجاویز وزیر اعظم آفس کو براہ راست موصول ہوں گی ، شکایات کے ازالہ تک وزیراعظم کی خصوصی ٹیم مانیٹرنگ کرے گی۔