Friday, March 29, 2024

وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو کورونا کی تباہ کاریوں ، معاشی پر خطوط لکھے ، شاہ محمود قریشی

وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو کورونا کی تباہ کاریوں ، معاشی پر خطوط لکھے ، شاہ محمود قریشی
April 16, 2020


اسلام آباد ( 92 نیوز)  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو 12 اپریل کو خطوط لکھے  جن میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں ، ہلاکتوں اور معاشی تنزلی کا ذکر کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزکانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ  دنیا میں آمدن گررہی ہے، اخراجات بڑھ رہے ہیں ، قرضوں میں ریلیف سے ترقی یافتہ ممالک کوبھی  فائدہ ہوگا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے عمران خان کے مطالبے کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم نے کرپشن کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی، کورونا وباء کے تناظر میں ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف کا معاملہ اٹھایا ، جی 20 نے عالمی بینک، آئی ایم ایف اور دوطرفہ سطح پر مختلف قرضوں پر ریلیف کا کہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ابتدائی طور پر 25 ممالک مستفید ہو سکتے تھے، اب 76 ممالک کو ریلیف ملے گا ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں تمام قومی سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے، قومی رابطہ کمیٹی میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ موجود ہیں، جنہیں ترجیح دی جاتی ہے، عالمی سطح پر ترقی پذیر ممالک کو مالیاتی وسائل کی دستیابی ایک سال کیلئے متوقع ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا نے پوری دنیا کو  لپیٹ میں لے رکھا ہے، 20لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے، دنیا میں آمدن گررہی ہے، اخراجات بڑھ رہے ہیں، برآمدات بھی کم ہوگئی ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس وقت بے روزگاری ہورہی ہے، ترقی پذیر ممالک میں ہیلتھ کیئر سسٹم پر دباؤ زیادہ ہے، قرضوں میں ریلیف سے ترقی یافتہ ممالک کو بھی فائدہ ہوگا،  اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری  نے عمران خان نے مطالبے کو سراہا ہے۔