Friday, May 17, 2024

وزیر اعظم نے ایک بار پھر غلط ٹویٹ کر دی ، ڈیلیٹ کی بجائے تصحیح کر دیا

وزیر اعظم نے ایک بار پھر غلط ٹویٹ کر دی ، ڈیلیٹ کی بجائے تصحیح کر دیا
June 6, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم نے ایک بار پھر غلط ٹویٹ کر دی لیکن اس بار ڈیلیٹ کرنے کے بجائے تصحیح کر دی ، عمران خان نے ایک نظم علامہ اقبال سے منسوب کی جو درحقیقت علامہ اقبال کی نہیں ہے ۔ تصحیح کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ، کسی نے تنقید کا نشانہ بنایا ، کسی نے غلطی مان لینے پر سراہا۔

کوئی عروج  دے نہ زوال دے،مجھے صرف اتنا کمال دے

مجھے اپنی راہ میں ڈال دےکہ زمانہ میری مثال دے

وزیراعظم عمران خان نے غلطی سے یہ نظم  شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے نام منسوب کر کے ٹویٹ کردی، غلطی کا احساس ہونے پردوبارہ لکھا وہ اس نظم کے لوازمات پر تو قائم ہیں تاہم یہ نظم اقبال کی نہیں۔

جونہی وزیراعظم نے ٹویٹ کی ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ہلچل سامنے آنا شروع ہوگئی،کچھ صارفین نے وزیراعظم کے غلطی کے اعتراف کو سراہا تو کسی نے تنقید کی۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ کوئی بات نہیں مرشد بڑے بڑے شہروں میں ایسی چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔

رضوان نامی صارف نے کہا کہ  یہ عمران خان ہی ہے جو غلطی کا اعتراف کرسکتا ہے ۔

عرفان کشمیری نامی صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے وزیراعظم قومی شاعر کے متعلق کتنا علم رکھتے ہیں جبکہ ایک غیر ملکی صارف نے عمران خان کے دفاع میں لکھا ہے اپنی غلطی کا اعتراف کرنا میری نظر میں سب سے جرات والا کام ہے۔

شاہد مرسلین نے وزیراعظم کی سوشل میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ۔خان صاحب کو چاہے کہ اپنے اسٹاف کو گوگل پرسرچ کرکے پوسٹر ڈھونڈنے کی بجائے مستند کتابوں کا مطالعہ کرانا چاہیے۔