Wednesday, April 24, 2024

وزیر اعظم نے اپوزیشن کے جلسے غیر قانونی قرار دے دیئے

وزیر اعظم نے اپوزیشن کے جلسے غیر قانونی قرار دے دیئے
December 7, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے جلسے غیر قانونی قرار دے دیئے۔

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، این آر او نہیں ملے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں تاہم یہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہیں۔ اپوزیشن لاک ڈاؤن کا مطالبہ کرتی تھی اب خود جلسہ کرکے ایس او پیز کو روند رہی ہے۔ جلسے میں ملک بھر سے کارکنوں کو بلایا گیا جس سے کورونا پھیلے گا۔ کورونا سے لوگ مرے تو ایف آئی آر کس پر کٹے گی؟

وزیراعظم نے مزید کہا مینار پاکستان پر دس جلسے کر لیں، کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جلسے سے نہیں روکا جائے گا۔ مظلوم اور سیاسی شہید نہیں بننے دیا جائے گا۔ عوام کی فکر ہے اس لئے جلسے کو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کریں گے۔ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے، حکومت ان کو موقع فراہم نہیں کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن بے روزگار ہیں۔ جلسوں کی ناکامی کے بعد مریم نواز لاہور کی گلی محلوں اور سڑکوں پر کورونا پھیلانے نکلی ہوئی ہیں۔ اپوزیشن کرپشن بچانے کے لیے عوام کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ یہ لاک ڈاؤن کا کہتے تھے اب جلسے کررہے ہیں، ان کی منافقت روزانہ کی بنیاد پر بے نقاب ہورہی ہے۔