Thursday, May 2, 2024

وزیر اعظم نے 6 ماہ میں کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کی ہدایت کی،وزیر اطلاعات

وزیر اعظم نے 6 ماہ میں کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کی ہدایت کی،وزیر اطلاعات
May 5, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بتایا کہ  وزیراعظم نے اگلے 6مہینے میں کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات پیش کرنے کی ہدایت کی،  پوری کابینہ نے اپنی ایک مہینے کی تنخواہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ   وزیراعظم الیکشن کا عمل صاف اور شفاف چاہتے ہیں،اس سلسلے میں ایک رپورٹ لاء منسٹری کو پیش کی گئی ہے،،کابینہ ڈویژن میں تعیناتیوں کی رپورٹ طلب کی گئی تھی،چھ سات ڈویژنز نے اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے ، اس رپورٹ میں 76افراد کی غیرقانونی بھرتی پائی گئی۔

شبلی فراز نے بتایا کہ  ملک میں تیار ہونے والے ہینڈ سینٹی ٹائزرز کی ایکسپورٹ کی بھی اجازت دی گئی ہے، مریم اورنگزیب نے کل پریس کانفرنس میں بہت غصے کا اظہار کیا،ایسا  اظہار کیا کہ انتہائی نیک اور پارسا انسان کی پگڑی اچھالی گئی ہے، اگرشہبازشریف کو نیب نے بلایا ہے تو نیب ایک قانونی ادارہ ہے، وزیر اعظم  عمران خان نے نیب سمیت تمام اداروں کو آزاد کردیا ہے،نیب کے چیئرمین مسلم لیگ ن کے دور میں لگے تھے،ہماری  حالت یہ ہے کہ مجرم بھی پولیس کی گاڑی میں بیٹھتے ہوئے وکٹری کا نشان بنا رہا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اگر آپ قانونی ادارے کے پاس پیش ہونے کو اپنی ہتک سمجھتے ہیں تو اس کا مطلب آپ کو قانون کا کوئی پاس نہیں ، شہبازشریف نے ایسا ظاہر کیا کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں ۔ شہباز شریف بار بار سڑکوں کی تعمیر کی بات کرتے ہیں،آئی ایم ایف کی ٹیم نے ہمیں بتایا کہ پاکستان میں بننے والی سڑکوں کی لاگت دنیا سے 50فیصد زیادہ ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ  پیپلزپارٹی کے وزیر بھی آج کل بہت پریس کانفرنسز کررہے ہیں،سعید غنی نے کہا تحریک انصاف کی حکومت تین سیٹوں پر کھڑی ہے، یہ بتائیں جس پارٹی کی پورے ملک میں حکومت تھی وہ صرف ایک صوبے تک کیوں محدود ہوگئی ہے،روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگا کر انہیں چیزوں سے آپ نے عوام کو محروم کردیا،لاڑکانہ کی ہی حالت دیکھ لیں تو لگتا ہے پچاس سال پہلے وہ آج سے زیادہ بہتر تھا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر نظر آئے گا،حکومت مہنگی ہونے والی اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کررہی ہے،قومی کمیشن برائے اقلیت کی تشکیل نو کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی، تھانوں کی صورتحال کی بہتری کے لیے وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کی گئیں،میں نے کل کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، آج ہی مجھے اس کا رزلٹ ملا جو منفی آیا،گورنر اور اسپیکر اسدقیصر گھر میں ہی قرنطینہ ہوگئے ہیں۔