Friday, April 19, 2024

وزیراعظم کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں زلزلے پر بریفنگ‘ امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں زلزلے پر بریفنگ‘ امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت
October 27, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں سیاسی وعسکری قیادت نے شرکت کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک بھر میں زلزلے سے 250 افراد جاں بحق ، 1700 سے زائد زخمی اور 2500 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت زلزلے سے متعلق اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ڈی جی ملٹری آپریزن میجر جنرل شیر شمشاد مرزا، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ، وفاقی وزراءاسحاق ڈار، چوہدری نثار، پرویز رشید، گورنر کے پی کے سردار مہتاب ، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز نے زلزلے سے متلعق بریفنگ دی۔ زلزلے سے اب تک 250 افراد جاں بحق ، 1700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جب کہ 2500 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ 2000 خیمے، 2000 کمبل، 2000 چٹائیاں اور ایک ہیلی کاپٹر پختونخواہ حکومت کو فراہم کردیا ہے جب کہ دیر میں نو بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال بھی قائم کردیا گیا ہے۔ لواری ٹنل میں پھنسے ٹرک کو نکال کر امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ شاہراہ ریشم کوکھولنے کا کام بھی جاری ہے۔ چترال، شانگلہ دیر اور دور دراز کے علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔ وفاق کے پی کے حکومت کو زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی۔ حکومت نے ریسکیو، ریلیف اور ری ہیبی لیٹیشن کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائےگی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی کوشش ہے کہ انسانی جانوں کو بچایا جائے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی وزیراعظم کو امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔