Monday, September 16, 2024

وزیر اعظم نواز شریف کی 60 روز بعد اسلام آباد آمد‘ دفتری امور کا آغاز کر دیا

وزیر اعظم نواز شریف کی 60 روز بعد اسلام آباد آمد‘ دفتری امور کا آغاز کر دیا
July 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم محمدنوازشریف ساٹھ روز بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف لاہور میں 13 روز قیام کے بعد جاتی امرا سے بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور ائیر پورٹ پہنچے جہاں ان کا استقبال وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کیا۔ ائیر پورٹ پر مختصر مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نواز شریف کو اسلام آباد کے لیے رخصت کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز‘ بیٹی مریم نواز‘ والدہ اور خاندان کے دیگر افراد بھی اسلام آباد پہنچے۔ وزیراعظم نواز شریف کی لاہور سے اسلام آباد سفر کے دوران جہاز میں کھینچی گئی تصویروں کے ساتھ اپنے ٹویٹ میں مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ٹانگ کا زخم ابھی ٹھیک نہیں ہوا۔ انہوں نے وزیراعظم کی صحت یابی کو قوم کی دعاوں کے نتیجے میں ایک معجزہ قرار دیا۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد پہنچتے ہی اپنی دفتری مصروفیات سر انجام دینا شروع کر دیں۔ وہ کل نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر اعظم نو جولائی کو اپنی اوپن ہارٹ سر جری کے بعد لندن سے لاہور پہنچے تھے۔