Thursday, April 18, 2024

وزیر اعظم نواز شریف کا لندن میں مزید قیام کا فیصلہ، ڈاکٹروں نے سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا

وزیر اعظم نواز شریف کا لندن میں مزید قیام کا فیصلہ، ڈاکٹروں نے سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا
May 27, 2016

لندن (92 نیوز) – وزیر اعظم نواز شریف کا لندن میں مزید قیام کا فیصلہ، انہوں نے آج وطن واپس آنا تھا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں سفر کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے مزید ٹیسٹ کروانے کا کہہ دیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف اپنا طبی معائنہ کرانے کے لیے لندن گئے ہوئے ہیں۔ جہاں انہوں نے امراض قلب کے اسپتال میں اپنے ٹیسٹ کرائے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر اعظم کا لندن میں طبی معائنہ مکمل ہونے اور ان کی آج وطن واپسی کا عندیہ دیا تھا۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی اور مزید ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز وزیر اعظم کے مزید ٹیسٹ اگلے ہفتے کرینگے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کی وطن واپسی پر نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں سیاسی اور عسکری قیادت بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے، افغان مفاہمتی عمل اور پاک امریکہ تعلقات کا جائزہ لے گی۔