Thursday, April 18, 2024

وزیر اعظم  مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں پیش کرنے جا رہے ہیں ، شاہ محمود

وزیر اعظم  مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں پیش کرنے جا رہے ہیں ، شاہ محمود
September 22, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں اٹھانے جا رہے ہیں  ، ہندوستان میں بھی مختلف طبقات نے مودی کے اقدامات کو چیلنج کررکھا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کے  دورہ امریکا کے پہلے روز سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان سے  امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد ، امریکی سینیٹر لنزے گراہم ،  انٹر نیشنل ریڈ کراس کے صدر اور ایمنسٹی  کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات کی ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  لنزے گراہم کی بات امریکی ایوانوں میں سنی جاتی ہے ، وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اجاگر کرنے پر لنزے گراہم کاشکریہ ادا کیا، کشمیریوں کی آواز بلند کرنے میں امریکی کانگریس اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔ وزیر اعظم سے زلمے خلیل زادکی ملاقات سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقات میں افغان امن عمل بارے گفتگو ہوئی ،  پاکستان نے افغان امن عمل میں ہمیشہ سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے جس کو زلمے خلیل زاد نے سراہا ، زلمے خلیل زاد نے تسلیم کیا کہ افغان امن مذاکرات میں پاکستان کا کردار ہمیشہ تعمیری رہا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن  کے لئے طالبان اور اشرف غنی کے نمائندوں کو بیٹھنا ہوگا ،  ہماری کوشش ہو گی کہ مذاکرات جلد سے جلد شروع ہوں ، مذاکرات جلد شروع نہ ہوئے تو تشدد میں اضافہ ہو سکتا ہے  ۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے انٹرنیشنل ریڈ کراس کے صدر کی ملاقات سے متعلق بتایا  کہ  ریڈ کراس کو بھی مقبوضہ کشمیر میں کام نہیں کرنے دیا جارہا  ۔  وزیراعظم سے ہیومن رائٹس کے جنرل سیکرٹری کی ملاقات ہوئی،وزیراعظم نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے انڈیا چیپٹرنے رپورٹ میں بھارتی زیادتیوں کا ذکر کیا،مقبوضہ کشمیر میں عوام کو اسپتالوں تک رسائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جان بچانے والی ادویات کی قلت ہو رہی ہے ۔