Friday, April 19, 2024

  وزیر اعظم مالی معاونت کے صرف وعدے کرتے ہیں  : قائم علی شاہ کا شکوہ

   وزیر اعظم مالی معاونت کے صرف وعدے کرتے ہیں  : قائم علی شاہ کا شکوہ
June 10, 2015
کراچی(92نیوز)وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف سے شکوہ کر ہی دیا۔ کہتے ہیں کہ وزیراعظم کراچی ضرور آتے ہیں لیکن مالی معاونت نہیں کرتے،  پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کے لئے وعدے کے باوجود ایک روپیہ نہیں دیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کا افتتاح کر دیا ،افتتاحی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے  وزیراعظم نواز شریف سے پانی کے منصوبے کے فور کے لئے  مالی معانت نہ کرنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ  منصوبے جو برسوں سے سرد خانے میں پڑے تھے اُن کا افتتاح وہ اب کر رہے ہیں۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی کے لئے کے فور کا منصوبہ اشد ضروری ہے  منصوبے کا ابتدائی تخمینہ پچیس ارب روپے ہے جو زیادہ بھی ہو سکتا ہے۔ وفاق نے پچاس فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیا ہے تاہم حالیہ بجٹ میں صرف آٹھ کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کےفور منصوبے کیلئے وزیر اعظم نے پیسے دینے کا وعدہ کیا تاہم ایک سال بیت گیا ابھی تک ایک روپیہ بھی نہیں دیا۔