Wednesday, May 8, 2024

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری
May 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ وزیراعظم نےعالم اسلام کودرپیش مسائل کے حل میں سعودی عرب کے مثبت کردار اورکوششوں کی تعریف کی۔ پاکستان اور سعودی عرب نے کثیر الجہتی حمایت جاری رکھنے اور باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم عمران کے دورہ سعودی عرب کا 16 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تبادلہ خیال کیا، سعودی ولی عہد نے پاکستان کو ترقی یافتہ فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے وزیراعظم کے وژن کی حمایت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کے فروغ میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے قائدانہ کردار کی تعریف کی، وزیراعظم نے عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل میں سعودی عرب کے مثبت کردار اور کوششوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم عمران خان نے یمن میں بحران کے حل کے لیے سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نےکثیر الجہتی حمایت جاری رکھنے اور باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ سعودی ولی عہد نے ایل او سی پر جنگ بندی کے حوالے سے متعلق پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ مفاہمت کا خیرمقدم کیا اور مقبوضہ کشمیر تنازع کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کو جی 20 سربراہی اجلاسوں کی کامیابی اور مثبت فیصلوں پر مبارکباد دی، دونوں فریقوں کا دوطرفہ عسکری اور سکیورٹی تعلقات میں موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے عالم اسلام سے متعلق اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس دوران انتہاپسندی اورفرقہ واریت کا مقابلہ کرنے سمیت مُسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز زیر غور آئے۔ دونوں فریقین نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔