Thursday, April 25, 2024

وزیر اعظم عمران خان کی لاہور دھماکے کی مذمت ‏

وزیر اعظم عمران خان کی لاہور دھماکے کی مذمت ‏
May 8, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے لاہور دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے داتا دربار دھماکے کی رپورٹ طلب  کرلی جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر اعظم نے غم زدہ خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ۔

داتا دربار کے قریب پولیس وین کے نذدیک دھماکا ، 5 افراد شہید

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں دہشتگردی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں  کی ، حتمی رپورٹ سے پہلے کچھ کہنا قبل ازوقت ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دھماکے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے ، پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے ، ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، وطن کے بیٹے شہید ہوئے ہیں۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی  داتا دربار کے باہر ہونیوالے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت  کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقد س مہینے میں دہشت گردی کر نیوالے وحشی در ندے ہیں۔ چودھری محمدسرور کا کہنا تھاکہ  پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ،امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، متاثرہ افراد کے خاندانوں کے غم میں ہم سب برابر کے شر یک ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری نے  شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ۔ صمصام بخاری نے کہا کہ  رمضان کے مقدس مہینے میں انسانی جانیں لینے والے درندوں کو انجام تک پہنچائیں گے، دکھ اور غم کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  دہشت گردی کے سامنے کسی قیمت پر نہیں جھکیں گے، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی  جارہی ہیں۔