Friday, May 3, 2024

پاکستان چاہتا ہے ایرانی سرزمین سے ہمیں کوئی نقصان نہ ہو، وزیر اعظم عمران خان ‏

پاکستان چاہتا ہے ایرانی سرزمین سے ہمیں کوئی نقصان نہ ہو، وزیر اعظم عمران خان ‏
April 22, 2019

تہران ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی ، مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان چاہتاہے کہ ایرانی سرزمین سے ہمیں کوئی نقصان نہ ہو ، پاکستانی سرزمین بھی ایران کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے ۔

دورہ ایران کے دوسرے روز  سعد آباد پیلس میں ایرانی صدر حسن روحانی کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ دہشتگردی کے باعث دوریاں پیدا ہوئیں جو ختم کرنے کیلئے یہاں ا،خطے کی ترقی صرف امن میں ہے ،بھارتی فوج مظالم ڈھا کر کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتی ،ہم پاکستان میں انقلاب لارہے ہیں جس کا نام نیا پاکستان ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے سرحدی امور پر بات چیت ہوئی ، کوئی تیسرا ملک دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔

حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کے لئے تمام اقدامات کریں گے ۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایران کے حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، دہشتگردی کا مسئلہ دونوں ممالک کے لیے چیلنج ہے۔ ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 70ہزار سے زائد جانیں قربان کیں، گزشتہ دنوں بلوچستان میں سکیورٹی اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے، گوادر اور چاہ بہار کی بندرگاہ کو لنک کرنے پر گفتگو کی ہے،ترکی اور پاکستان کے درمیان ریلوے لائنز سے متعلق بھی  تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

حسن روحانی نے کہا کہ ایران پاکستان اور ترکی کے تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، سرحدوں کی نگرانی کیلئے مشترکا فورس بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے، موجودہ تجارتی حجم میں اضافے کے خواہشمند ہیں، کوئی تیسرا ملک ایران پاکستان تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔

وزیر کا ایران پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کے سعد آباد پیلس پہنچنے پر ایرانی صدر حسن روحانی نے ان کا استقبال کیا ،، اس موقع پر عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جب کہ دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں ۔

وزیر اعظم کی روضہ امام رضاؒ پر حاضری

وزیر اعظم گزشتہ روز ایران کے دو روزہ دورے پر مشہد پہنچے تھے ، وزیر اعظم نے تہران پہنچنے سے قبل مشہد میں مختصر قیام کیا تھاجہاں انہوں نے امام رضا ؒ کے روضہ پر حاضری دی تھی اور نوافل بھی ادا کئے تھے ۔