Wednesday, April 24, 2024

وزیر اعظم عمران خان کا شہید نعیم رشید کیلئے قومی ایوارڈ کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان کا شہید نعیم رشید کیلئے قومی ایوارڈ کا اعلان
March 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے پاکستانی نعیم رشید کیلئے قومی ایوارڈ کا اعلان کر دیا۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا پاکستان کو نعیم رشید پر فخر ہے۔ نعیم رشید نے سفید فام دہشتگرد کو قابو کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا ہم سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین کے خاندانوں کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پاکستانی بھی شہید ہوئے تھے جس میں باپ نعیم رشید اور بیٹا طلحہ شامل ہیں جن کا تعلق ایبٹ آباد سےتھا۔ شہید نعیم رشید کے بھائی ڈاکٹر خورشید نے تصدیق کی تھی۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشتگردی کا خونریز واقعہ پیش آیا جس میں پاکستانی شہری نعیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا ۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نعیم کو چہرے پر گولی لگی تھی جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا تھا۔ کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میں ستائیس سالہ اریب بھی شامل ہے جس کا تعلق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے ہے۔ نوجوان کے کزن احمد کے مطابق ان کی ٹانگ پر گولی لگی ہے۔ وہ والدین کا اکلوتا بیٹا اور  پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے جسے فرم نے نیوزی لینڈ بھیجا تھا۔