Thursday, April 25, 2024

وزیر اعظم عمران خان کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم پاکستان پر پیغام کا خیر مقدم

وزیر اعظم عمران خان کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم پاکستان پر پیغام کا خیر مقدم
March 22, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو یوم پاکستان پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کا بھی جواب میں خیرسگالی کا اظہار اور امن مذاکرات کی پھر پیشکش کر دی۔

پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کی شاندار سفارت کاری کے ثمرات سامنے آنے لگی، قیام امن کیلئے کاوشوں پر دنیا کو پاکستان کا ہم نوا دیکھ کر بھارتیوں کے بگڑے تیور بھی درست ہونے لگے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کو یوم پاکستان پر مبارکباد پیغام بھجوا دیا۔  

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں نریندرمودی کے مبارکبادی پیغام کی خبردی، مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان کےموقع پرمیری طرف سے اہل پاکستان کیلئے نیک خواہشات اور مبارکباد۔

بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا وقت آگیا ہےکہ برصغیر کےلوگ ایک جمہوری، پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ خطے کیلئے مل کرکام کریں۔ جہاں دہشت اور تشدد سے پاک ماحول ہو۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے جوابی ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کا ہماری عوام کیلئے پیغام کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے جامع مذاکرات ہوں، وزیر اعظم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ نیا رشتہ قائم کیا جائے جو امن اور خوشحالی پر مبنی ہو۔