Friday, April 26, 2024

وزیر اعظم عمران خان کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ

وزیر اعظم عمران خان کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ
March 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزرا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آج جمہوریت کے علمبرداروں نے جمہوریت کی قدروں کو روندا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا یوسف رضا گیلانی کو جتوانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔ الیکشن کمیشن انتخابات میں شفافیت دکھانے میں ناکام رہا۔ پارٹی سیٹوں پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پنجاب میں اتفاق کر لیا تھا۔ اسی منطق اور اصول کو اسلام آباد میں نہیں اپنایا گیا۔ وجہ یہ تھی کہ ان کی نیت میں کھوٹ واضح تھی، انہوں نے کاروبار کرنا تھا۔ یہ دھندے کے عادی ہیں اور انہوں نے دھندہ کرنا تھا۔ مرکز میں بھی ان کا سارا فوکس صرف حفیظ شیخ کی سیٹ پر تھا۔ خاتون کی سیٹ پر وہ خریدوفروخت کے لیے تیار نہ تھے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہم سیاسی جماعت ہیں، اس کا سیاسی انداز میں ہی مقابلہ کریں گے۔ ہم پاکستانی عوام سے بھی گزارش کررہے ہیں کہ فیصلے کا وقت آگیا ہے۔ عوام نے فیصلہ کرنا ہے کس کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔ اگر خریدوفروخت کی سیاست کو جاری رکھنا ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہو گا۔ اگر نہیں تو جن جماعتوں نے خریدوفروخت کی عوام ان کا کڑا احتساب کرے۔ انہوں نے کہا غلطی اور بدنیتی میں فرق ہوتا ہے۔ شہریارآفریدی سے غلطی ہوئی اور اس کا برملا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے اپنی غلطی کی اصلاح کے لیے نیا بیلٹ پیپر مانگا لیکن الیکشن کمیشن نے ان کی بات کو تسلیم نہیں کیا۔

 شاہ محمود قریشی بولے عمران خان اور تحریک انصاف نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ اس سے واضح ہو جائے گا کہ کون کہاں کھڑا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے میں وزیراعظم تب ہوں جب مجھے ایوان کا اعتماد حاصل ہو۔

شفقت محمود نے کہا عدم اعتماد کا ووٹ اوپن دیا جائے گا۔ جو ووٹ دینا چاہے دے اور جو ووٹ نہ دینا چاہے نہ دے۔ اسد عمر نے کہا پتہ چل جائے گا کس کا ضمیر بول رہا تھا اور کس کا پیسہ بول رہا تھا۔