Saturday, April 20, 2024

وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین سٹی انڈیکس کا افتتاح کر دیا

وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین سٹی انڈیکس کا افتتاح کر دیا
November 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین سٹی انڈیکس کا افتتاح کردیا ، صفائی کے بہتر نظام کیلئے 19 شہروں کی صورتحال معلوم ہوسکے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین سٹی انڈیکس کا افتتاح کر دیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نیا پاکستان زمین پر بعد میں ، پہلے ذہن میں آئے گا ، جب ہم سوچیں گے  کہ اب ہم نے تبدیل ہونا ہے تو ایسا ہو  جائے گا،ہم تاریخ کا سب سے  بہترین بلدیاتی نظام لے کر آرہے ہیں ، گاؤں کی سطح پر لوگوں کے پاس اختیارات آجائیں گے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اللہ کا تحفہ ہے جس کی ہم قدر نہیں کر رہے ، اس کی قدر کریں تو یہ سرزمین سونا اگلے گی ، سنگاپور میں ایک دریا تھا جو آلودہ تھا اب انہوں نے اس کو صاف کردیاہے اب اس میں مچھلیاں ہیں، لاہور کی نہر سے لوگ پانی پیتے تھے ، آج یہ سیوریج نالہ  بن چکی ہے ، دریائے راوی کا حال بھی اسی طرح ہے  ، ہم نے اپنے  دریاؤں کو صاف کرنا ہے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  صفائی متعلق  سب پاکستانیوں کو سوچنا ہو گا، صرف حکومت  یہ کام نہیں کر سکتی ، وقت ہے کہ پاکستان کو سرسبز بنایا جائے،گزشتہ 10 برس میں  70 فیصد درخت کاٹے گئے ،ہم سمجھتے تھے کہ دلی بہت آلودہ شہر ہے لیکن اب لاہور بھی آلودہ ہو چکا ہے۔ عمران خان کاکہنا تھا کہ لاہور 30 سال پہلے صاف ستھرا شہر تھا لیکن اب شہر میں آلودگی ہے، اب تو کوئی لاہور میں سانس نہیں لے سکتا، ہم کو اس زمین پر ایسے رہنا چاہئے کہ آئندہ دس سال یا بیس سال بعد کیا ہو گا۔