Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم عمران خان نے ماہی گیروں کو با اختیار بنانے کیلئے پروگرام کا افتتاح کر دیا

وزیر اعظم عمران خان نے ماہی گیروں کو با اختیار بنانے کیلئے پروگرام کا افتتاح کر دیا
April 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے ماہی گیروں کو با اختیار بنانے کیلئے پروگرام کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعظم تقریب سے خطاب میں بولے ماہی گیروں کو بااختیار بنانے کے پروگرام پر مبارکباد دیتا ہوں، ماہی گیر سستے قرضے لے کر کشتی اور جال خرید سکیں گے اگلا مرحلہ مچھلیوں کیلئے کولڈ اسٹوریج کا ہو گا، کیچ فشنگ کیلئے کراچی سے گوادر تک بہترین علاقہ ہے۔

اُنہوں نے کہا، ملک میں غربت کاخاتمہ میری بڑی کامیابی ہوگی، پختونخوا دہشت گردی کی وجہ سے سب سے پیچھے رہ گیا تھا، 2013ء سے 2018ء کے دوران کے پی میں غربت تیزی سے کم ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، پاکستان میں سیاحت وزراعت میں آگے بڑھنے کی بے پناہ صلاحیت ہے، جتنا زیتون کا درخت لگ رہا ہے آپ دیکھیں گے کہ لوگوں کی زندگیاں بدل دے گا۔

عمران خان نے کہا، لاہور سے آگے کا علاقہ ایوکاڈو کیلئے بہترین ہے، ایووکاڈو بہترین منافع بخش سبزی ہے۔ لاہور میں چھوٹے چھوٹے 50ایسے جنگل اگائے جائیں گے جو آکسیجن مہیا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ، ماحولیاتی آلودگی اور شہروں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہائی رائز بلڈنگ ترجیح ہے، ہم کراچی میں آلودگی کو بھی روکنے کیلئے کام کریں گے۔ عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانا ہمارا منشور ہے۔ بینک اتنے مضبوط نہیں ہیں کہ وہ غریبوں کو قرضے دے سکیں۔