Wednesday, May 22, 2024

پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، وزیر اعظم عمران خان

پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، وزیر اعظم عمران خان
October 21, 2019
حب (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے حب پاور اسٹیشن کا افتتاح کر دیا، وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، تھوڑے سے پیسے بنانے کیلئے ملک کو لوٹا گیا، کرپشن کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری نہیں آتی، ڈالر مہنگا ہونے سے بجلی کی قیمت بڑھ گئی، ماضی میں گیس سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر عمل نہیں ہوا۔ عمران خان نے کہا چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش مند ہیں، ہم چاہتے ہیں ہمارے جو بھی پاور پراجیکٹ بنیں وہ لوکل ریسورسز سے بنیں، سی پیک کے تحت مشترکہ منصوبہ خوش آئند ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں پاکستان میں پانی سے بجلی بنانے کے مواقع ہیں لیکن ماضی میں اس پر کام نہیں کیا گیا، ہم چاہتے ہیں حب پاور جنریشن پلانٹ کے لیے آپ تھر سے کوئلہ لیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ بلوچستان میں اللہ کی کتنی نعمتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کمپنی ریکوڈک میں کام کررہی تھی اسے کام سے روکا گیا اور اس نے باہر جاکر کیس کر دیا، پاکستان کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ کمپنی کے چیئرمین نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے بتایا کہ پاکستان میں سونے کے ذخائر دنیا کے بڑے ذخائر میں سے ہیں، ہماری اس کمپنی سے بات چیت چل رہی ہے، ہم چاہتے ہیں وہی کمپنی دوبارہ آکر پاکستان میں کام کرے۔ عمران خان کا کہنا تھا کارکے کرپشن کیس کی وجہ سے بھی باہر کی کمپنیاں پاکستان نہیں آتیں، ہمارے پاس گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں، اللہ نے ہمیں سب کچھ دیا ہے اس کے باوجود ہم مقروض ہیں، سی پیک کی وجہ سے ہمارا آنے والا دور بہت اچھا ہوگا۔ وزیراعظم بولے کہ چینی صدر اور وزیراعظم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو اب اگلے لیول پر لے کر جائیں، چین کے ون بیلٹ روڈ کا سی پیک فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، پاکستان میں سونے اور تانبے کے دنیا بھر میں بہتر ہیں، تھر میں 150 ملین ڈالر کا کوئلہ ہے جو سو سال تک پاکستان کو بجلی دے سکتا ہے۔ چائنہ پاور کے پاکستان میں انویسٹمنٹ کرنے پر شکر گزار ہیں۔ چین کے زرعی تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، سی پیک سے مقامی افراد کو بھی جدید تربیت ملے گی۔ چین کے تعاون سے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے مراکز کھول رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، ہم بلوچستان میں فشریز کی طرف آرہے ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بدعنوانی کا خاتمہ ضروری ہے، آئندہ چند برسوں میں بلوچستان سرمایہ کاری کا مرکز بننے جا رہا ہے۔