Saturday, May 4, 2024

وزیر اعظم عمران خان نے اچھی حکمرانی کیلئے ای گورننس کو ناگزیر قرار دے دیا

وزیر اعظم عمران خان نے اچھی حکمرانی کیلئے ای گورننس کو ناگزیر قرار دے دیا
December 5, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے اچھی حکمرانی کیلئے ای گورننس کو ناگزیر قرار دے دیا۔

ڈیجیٹل پاکستان پروجیکٹ کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا حکومت ڈیجیٹل پاکستان پر کام کر رہی ہے لیکن ڈیپارٹمنٹس ای گورننس میں مزاحمت کر رہے ہیں۔ عوام گھبرائیں نہیں پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پا لیا۔

وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کے خلاف تنقید اور الزامات کا بلا گھمایا اور کہا شہباز شریف نے کرپشن کا نیٹ ورک چلایا، منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ کمایا۔ عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف ڈیلی میل کی خبر کا جواب نہیں دے سکے، شہباز شریف کے داماد اور بیٹے بھگوڑے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا سیاحوں کی سہولت کے لئے ڈیجیٹل ایپ تشکیل دی جارہی ہے۔ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئےغیر مسلم سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت جاری کی کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام ادارے سیاحت سے متعلق رابطوں کو بہتر کریں۔

وزیر اعظم نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سیاحتی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سوٹزر لینڈ ، ترکی اور ملائیشیا سیاحت سے بہت بڑا ریونیو حاصل کرتےہیں۔ پاکستان میں ہر مذہبی،ایڈونچر، قدرتی سیاحت موجود ہے۔ سیاحت سے روزگار کے مواقع پیدا اور معیشت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا خیبر پختونخواہ میں نئے سیاحتی مقامات کی دریافت کے لئے اقدامات کئے جا رہےہیں۔

وزیراعظم نے ڈیجیٹل پاکستان کا منصوبہ پیش کیا اور سربراہی کیلئے گوگل کی سینئر ایگزیکٹو تانیہ ایدروس کو پاکستان بلالیا۔ عمران خان نے تانیہ ایدروس سے کہہ دیا تانیہ آپ نے گھبرانا نہیں اور پھر خود اپنے الفاظ پر مسکرا بھی دیئے۔

وزیراعظم کا نہ گھبرانے کا مشورہ اپنی جگہ،ماضی میں ان الفاظ کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر کافی تبصرے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن بھی کئی موقعوں پر کہہ چکی ہے کہ کیا اجازت ہے کہ تھوڑا سا گھبرا لیں۔

وزیراعظم نے تمام سرکاری اقدامات کو ڈیجیٹل کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے، اس کام کیلئے تانیہ ایدروس کو سنگا پور سے پاکستان بلایا گیا۔ تانیہ ایدروس بطور سینئر ایگزیکٹو گوگل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر پاکستان پہنچی ہیں۔