Tuesday, April 23, 2024

وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لئے سرگرم

وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لئے سرگرم
December 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لئے سرگرم ہیں۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں نواز شریف کی صحت سے متعلق بات چیت ہوئی۔ کابینہ اراکین نے کہا نواز شریف کی ضمانت ختم ہونے میں چند دن رہ گئے ہیں لیکن ان کی فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آرہا. وزیر اعظم نے فروغ نسیم اور شہزاد اکبر کو لاہور ہائی کورٹ جانے کی ہدایت کر دی اور کہا نواز شریف کی وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ اجلاس میں مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی درخواست کا بھی تذکرہ ہوا۔ وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی مخالفت کی اور فیصلہ کیاعدالت کا فیصلہ ملنے کے بعد حکومت مریم نواز سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجلی کی اوور بلنگ پر مراد سعید اور عمر ایوب میں گرما گرمی ہوئی۔ مراد سعید نے عمر ایوب کی جانب سے ریکوری کے اعدادوشمار پر سوالات اٹھائے اور کہا ریکوری کے باوجود عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ ارکان وزیراعلی پنجاب کے علاقے میں ترقیاتی بجٹ پر پھٹ پڑے۔ ذرائع کے مطابق ارکان نے وزیر اعظم کو بتایا کہ عثمان بزدار نے اپنے حلقے میں 55 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے لیکن پنجاب کے ایم پی ایز کو فنڈز دینے میں امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے وزرا نے وزیراعلی کے رویہ پر وزیراعظم سے شکوے بھی کئے۔