Saturday, April 20, 2024

وزیر اعظم عمران خان سے افغان صدر کا ٹیلی فونک رابطہ

وزیر اعظم عمران خان سے افغان صدر کا ٹیلی فونک رابطہ
January 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے  افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے پاکستان اور افغانستان کے مابین رابطوں میں تیزی آ گئی ، افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون  کیا اور  پاکستان کے تعمیری کردار پر اطمینان  کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان کو افغانستان دورے کی دعوت  دی ، وزیراعظم نے افغان دورے کی حامی بھر لی ۔ ذرائع کے مطابق افغان صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو زلمے خلیل زاد سے ہونے والی گفتگو پر اعتماد میں لیا جبکہ افغان مفاہمتی عمل پر امریکی نمائندہ خصوصی کی پاکستانی حکام سے گفتگو پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ عمران خان نے افغان مفاہمتی عمل میں مثبت کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا مسئلے کا سب سے بہترین حل افغان فریقین کے درمیان مصالحت اور مذاکرات ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان جلد افغانستان کا دورہ کریں گے ۔ ٹرمپ کا عمران خان کو خط اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم  پاکستان عمران خان کو خط بھی لکھ چکے  ہیں جس میں طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے تعاون طلب کیا گیا تھا۔ سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے بتایا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے تعاون مانگا ہے  ۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ  ٹرمپ نے خط میں  نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  پاکستان  کے کردارکی تعریف کی ۔ افغانستان میں امن کے قیام کیلئے تنہا پاکستان کچھ نہیں کر سکتا، شاہ محمود قریشی قبل ازیں  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی واضح کر چکے ہیں کہ افغانستان میں امن کے قیام کے لئے تنہا پاکستان کچھ نہیں کر سکتا،  بھارت کو منفی کردار ادا نہیں کرنا چاہیے، افغانستان عالمی معاملہ ہے، قطر کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔